ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سینٹرنگ کارمک سنگھا کا سالانہ اجلاس - نئے عہدیداران کا انتخاب؛ لوکیش صدر اور شیورام جنرل سکریٹری منتخب

بھٹکل سینٹرنگ کارمک سنگھا کا سالانہ اجلاس - نئے عہدیداران کا انتخاب؛ لوکیش صدر اور شیورام جنرل سکریٹری منتخب

Mon, 17 Jul 2023 07:15:56    S.O. News Service

بھٹکل،17/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کے عثمان نگرمیں گذشتہ روز بھٹکل کارمک سنگھا (رجسٹرڈ) کا سالانہ اجلاس منعقدہ ہوا جس میں نئے عہدیداران کے انتخاب کے ساتھ سینٹرنگ کے لئے چارجس بھی مقرر  کیے گئے۔
    
اجلاس میں ابتدائی گفتگو کرتے ہوئے سنگھا کے اعزازی صدر کیشو اچاری نے کہا کہ ہم لوگ متحد ہوجانے کی وجہ سے ہم جسیے مزدوروں کی قدر و قیمت بڑھ گئی ہے ۔ جہاں کہیں بھی  ہمارے  کسی بھی مزدور کے لئے مسائل پیدا ہوتے ہیں تو ہم لوگوں نے متحدہ طور پر دست تعاون بڑھایا ہے ۔ جس طرح سرکاری ملازمین کو ریٹائر ہونے پر وظیفہ ملتا ہے اسی طرح ہمارے اراکین کو ریٹائر ہونے کے بعد ہم لوگوں کی طرف سے پینشن دینے کی طاقت ہمارے اندر ہم کو پیدا کرنا چاہیے اور ہمارے سنگھا کو اس معیار تک ترقی دینے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ 
    
سابق صدر رمیش گونڈا نے اپنی میعاد کے دوران تعاون دینے والے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور نئی انتظامیہ کے اراکین کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ نومنتخب صدر لوکیش سرپن کٹَے نے اپنے اوپر اعتماد ظاہر کرنے کے لئے اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔ اور آنے والے دنوں میں اپنی ذمہ داری کو پورے خلوص کے ساتھ ادا کرنے کا یقین دلایا ۔
    
انتخابی کارروائی سے پہلے سنگھا کے جنرل سیکریٹری شیورام نائک نے سالانہ حساب و کتاب پیش کیا۔

سینٹرنگ کے چارجس کی جو موجودہ شرح ہے اس پر اراکین نے بحث کی جس کے بعد نئی شرح مقرر کی گئی جس کے تحت گراونڈ فلور کے لئے فی اسکوائر فٹ 50 روپے، فرسٹ فلور کے لئے 60 روپے اور اس کے بعد والے فلورس کے لئے فی اسکوائر فٹ دس روپے اضافی چارج لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
    
اس کے بعد سال 2023 - 26 تک کی تین سالہ میعاد کے لئے 19 اراکین انتظامیہ کا انتخاب کیا گیا- اس کے علاوہ لوکیش سرپن کٹہ صدر، تیمیّا نائک اور سبرایا کارگیدے نائب صدر، شیو رام ہونّیگدے جنرل سیکریٹری، راما ہیبلے جوائنٹ سیکریٹری اور بابو نائک کو خزانچی کے عہدے کے لئے منتخب کیا گیا۔ سنگھا کے سینئر ممبر کیشو اچاری کو اعزازی صدر کا عہدہ دیا گیا ۔ 
    
سنگھا کے جوائنٹ سیکریٹری راما ہیبلے نے پروگرام کی نظامت کی اور سنگھا کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ ناگ راج نائک نے شکریہ ادا کیا ۔ اجلاس میں سنگھا کے  ایک سو سے زائد اراکین نے شرکت کی ۔ 


Share: